ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں 36پولیس والے کورونا وائرس سے متاثر، ایک کی موت

بنگلورو میں 36پولیس والے کورونا وائرس سے متاثر، ایک کی موت

Sat, 20 Jun 2020 11:58:07    S.O. News Service

بنگلورو،20؍جون(ایس او نیوز) بنگلورو پولیس کمشنر یٹ کی حدود میں 36پولیس والے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور ان میں سے ایک کی موت ہو ئی ہے۔6افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ یہ بات جمعہ کے روز شہر کے پولیس کمشنر بھاسکر راؤ نے ایک اخباری کانفرنس کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15دنوں کے دوران بنگلورو پولیس کے ان 36جوانوں کو کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا اور ان کو علاج کے لئے بنگلورو کے کووِڈ سینٹر وکٹوریہ اسپتال میں داخل کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں پولیس جوانوں کے کورونا وائر س سے متاثر ہوجانے کے بعد عملہ اور افسروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران احتیاط میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم سے جڑے معاملہ میں کسی بھی ملزم کو گرفتار کر کے اسے پوچھ تاچھ کے لئے لائے جانے کی صورت میں اسے نہانے کا لزوم نافذ کیا جائے اور ساتھ ہی پوچھ تاچھ کے لئے اسے تحویل میں لینے سے پہلے اس کے کپڑے بھی بدلے جائیں۔ ان کے بڑے ہوئے ناخن کاٹے جائیں اور ضرورت پڑنے پر ملزم کا کووِڈ ٹیسٹ کروانے کے لئے انتظام کیا جائے۔ جب یہ تصدیق ہوکہ ملزم میں کورونا وائرس نہیں ہے تو اس کے بعد ہی اس سے پوچھ تاچھ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملزم کو عدالت میں حاضر کرنے سے پہلے کووِڈٹیسٹ کروانا عدالت کے حکم کے مطابق لازمی ہے، اس لئے یہ ٹیسٹ بلا ناغہ کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ احتیاطی تدبیر اپنائی جائے کہ کہیں بھی کوئی جرم سرزد نہ ہونے پائے اور اگر اس کے باوجود بھی کہیں کوئی واقعہ پیش آجائے تو اس کے بعد کورونا وائرس سے بچنے کے لئے جو احتیاط درکار ہے، اس میں کسی بھی طرح کی نرمی نہ برتی جائے،بھلے ہی جانچ کوپورا کرنے میں تھوڑا وقت زیادہ ہی لگے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اس لئے کہ کورونا وائر س کا خوف ہے پولیس فورس کو گھر میں بٹھایا نہیں جا سکتا۔کورونا کے ساتھ جنگ کے لئے میدان میں آچکے ہیں تو کورونا وائرس کو ختم کرنے کے بعد ہی آرام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے جو پولیس جوان متاثر ہوئے ہیں ان کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد مل رہی ہے۔ ان کو خصوصی وارڈوں میں رکھ کر علاج کیا جا رہا ہے۔ جو جوان اور افسر کوارنٹائن ہیں ان کے لئے بھی اچھے انتظام کئے گئے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں شہر کے خلاصی پالیم، کے آر مارکیٹ، مارتھ ہلی اور دیگر پولیس تھانوں کے عملہ کو کورونا وائرس نے متاثر کیا اور ان تھانوں کے جوانوں کا علاج کیا جا رہا ہے،ان میں سے 6صحت یاب بھی ہو چکے ہیں اور باقی بھی تیزی سے روبصحت ہیں۔بھاسکر راؤ نے کہا کہ دفتر وزیر اعلیٰ سے جڑی ایک خاتون کانسٹیبل کے شوہر کو کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے بعد اس کانسٹیبل کو کوارنٹائن کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ کے ہوم آفس کرشنا کو تین دن کے لئے سیل ڈاؤن کر کے اسے سینی ٹائز کیا جا رہا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے جاری پولیس کی مہم کے دوران ڈیوٹی پر مرنے والے پولیس جوانوں کے لئے 50لاکھ روپے کا انشورنس مہیا کروانے کے لئے مرکزی حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔ جیسے ہی منظوری ملتی ہے اس پرعمل کیا جائے گا۔


Share: